گنڈاپور فارغ، جنید اکبر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر مقرر
راولپنڈی: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور سے پارٹی کی صوبائی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا ہے اور ان کی جگہ اب جنید اکبر کو پارٹی کا نیا صوبائی صدر مقرر کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
اس کے علاوہ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی کی تشکیل نو کے لیے مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے۔
اس حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین خود بھی چاہتے تھے وہ پارٹی صدارت اپنے پاس نہ رکھیں، بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور گورننس کے معاملات پر فوکس کریں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کے پی میں کرپشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور علی امین گنڈاپور کو پیغام دیا ہے کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان کی سیاست سے باہر آئیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے شیر افضل کو نامزد کیا تھا لیکن گزشتہ دنوں ان کی نامزدگی منسوخ کرکے جنید اکبر کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا جو بلامقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔