کراچی میں 4 خواتین کا قتل، ملزم بلال کا عدالت میں اعتراف جرم
کراچی: لی مارکیٹ میں گھر کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث ملزم نے عدالت میں اعتراف جرم کرتے ہوئے قتل کی وجہ بھی بتادی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی نے لی مارکیٹ میں گھر کی 4 خواتین کے قتل کے مقدمے کی سماعت کی، اس سلسلے میں پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے سماعت کے دوران ملزم سے سوال کیا کہ کیا وجہ تھی جو تم نے تمام لوگوں کو مار دیا؟ اس پر ملزم نے بتایا کہ یہ تمام لوگ مجھے تنگ کرتے تھے، عدالت نے کہا کہ اگر اتنا ہی تنگ کرتے تھے تو تم گھر چھوڑ کر بھی جاسکتے تھے۔
ملزم نے عدالت میں دیے گئے بیان میں کہا کہ میں ویڈیوز بنانے کی وجہ سے صرف بہن کو قتل کرنا چاہتا تھا مگر باقی لوگوں کو اس لیے مارا تاکہ کوئی ثبوت نہ بچ پائے۔
سماعت کے دوران پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم بلال قتل کی واردات کا اعتراف کرچکا ہے اور قتل کے واقعے کا مقدمہ گھر کے سربراہ محمد فاروق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، سی سی ٹی وی نکالی اور تحقیقات کی تو ملزم بلال کے خلاف ثبوت ملے، گھر کی خواتین کا سوشل میڈیا پر بہت زیادہ رجحان قتل کی وجہ بنا، ملزم سے آلہ قتل، خون آلود جوتے، دستانے اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
خیال رہے کہ ہفتے کو لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت کے فلیٹ سے تشدد زدہ 4 خواتین کی گلا کٹی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، مقتولین میں ماں، بیٹی، نواسی اور بہو شامل تھیں، جن کی عمریں 51، 18، 19اور 13سال تھیں۔