شہر قائد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، موسم خوش گوار
کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش، موسم خوش گوار، مزید بارش کی پیش گوئی۔
کراچی میں مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے بعد موسم خوش گوار ہوگیا اور شہریوں نے شدید گرمی اور حبس سے وقتی طور پر سکھ کا سانس لیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق سازگار موسمی حالات اور شدید گرمی کے باعث شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں پر مقامی سطح پر بارش برسانے والے بادل تشکیل پائے، جنہوں نے مختلف علاقوں میں بارش برسائی۔
اطلاعات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، گلشنِ معمار اور گردونواح میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ گڈاپ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوش گوار ہوگیا۔ بعض علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، تاہم شہریوں نے بارش کا بھرپور لطف اٹھایا۔
دوسری جانب شہر کے دیگر علاقوں، جن میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، سپر ہائی وے، ملیر، گلستانِ جوہر اور اطراف شامل ہیں، میں بھی مطلع ابر آلود ہے اور بارش برسانے والے بادل مسلسل شہر پر چھائے ہوئے ہیں، جس کے باعث مزید بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے، مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے اور بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کی پیش گوئی کر رکھی تھی۔ اس سے قبل آج دوپہر شہر میں شدید حبس اور گرمی کی کیفیت برقرار تھی، جس سے شہری سخت پریشان تھے، تاہم بارش شروع ہوتے ہی درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔