کون ہوگا پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا کپتان؟ مزید 3 نئے نام سامنے آگئے
لاہور: کس کے سر سجے گا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں قیادت کا تاج، اس حوالے سے مزید تین نئے نام سامنے آگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بطور سینئرز کپتانی کے لیے مضبوط امیدوار سمجھے جارہے تھے تاہم اب اوپنر فخر زمان، ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا کا نام گردش کررہا ہے۔
حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی سیریز کے دوران رضوان کی جگہ ٹیسٹ نائب کپتان بننے والے سعود شکیل کو ممکنہ امیدوار کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
اسی طرح پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی کپتانی کرنے والے فخر زمان کو بھی جارحانہ حکمت عملی کے باعث زیر غور لایا جاسکتا ہے جب کہ سلمان آغا نے تاحال ڈومیسٹک میں کبھی کپتانی نہیں کی ہے۔
بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر قیادت میں تبدیلی ہوئی تھی اور بابراعظم سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا، بعدازاں شان مسعود ٹیسٹ اور شاہین کو وائٹ بال کرکٹ میں قیادت کی ذمے داریاں دی گئیں، تاہم محض ایک سیریز کے بعد شاہین سے ٹی 20 کی کپتانی لے لی گئی اور پھر بابراعظم کو قیادت کے فرائض سونپ دیے گئے تھے، جس پر کرکٹرز میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پی سی بی کی جانب سے کپتانی کے حوالے سے کوئی پیشکش موصول نہ ہونے کا عندیہ دیا تھا۔
محمد رضوان نے آفر ملنے پر جلدبازی میں فیصلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ کپتانوں کے ساتھ ماضی میں ہوئے سلوک کے حوالے سے تحفظات سے وہ پی سی بی کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔