چوتھے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست، سیریز 0-2 سے انگلینڈ کے نام
لندن: چوتھے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہراکر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کا 158 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی طرف سے فل سالٹ 45، جوز بٹلر 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ول جیکس نے 20، جونی بیئراسٹو نے 28 اور ہیری بروک نے 17 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے تینوں وکٹیں حارث رؤف نے حاصل کیں۔
قبل ازیں انگلینڈ نے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے عثمان خان 38، بابراعظم 36، محمد رضوان 23 اور افتخار احمد 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نسیم شاہ نے 16 اور حارث رؤف نے 8 رنز بنائے، فخر زمان صرف 9 رنز بناسکے، شاداب خان، اعظم خان اور شاہین آفریدی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی طرف سے لیام لیونگسٹون، مارک ووڈ اور عادل رشید نے 2، 2، معین علی، جوفرا آرچر اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز کے دوران بارش کے باعث کچھ دیر کے لیے میچ روکا گیا تھا جو قریباً 12 منٹ بعد دوبارہ شروع ہوگیا، میچ روکے جانے سے قبل پاکستان نے 10.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنالیے تھے۔
یاد رہے کہ چار میچز پر مشتمل سیریز کے دو میچز بارش کے باعث منسوخ ہوئے تھے، 22 مئی کو لیڈز میں سیریز کا پہلا میچ جبکہ 28 مئی کو کارڈف میں ہونے والا تیسرا ٹی ٹوئنٹی بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا، 25 مئی کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے ہرایا تھا۔