تائیکوانڈو چیمپئن شپ: پاکستان کے حمزہ سعید نے گولڈ میڈل جیت لیا
تہران: ملک کے ہونہار سپوت نے بڑا اعزاز جیت لیا، 33 ویں فجر اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کے حمزہ سعید نے گولڈمیڈل جیت لیا جب کہ چیمپئن شپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے حمزہ سعید نے 87 پلس کیٹگری کے فائنل میں ایران کے محمد ابراہیم حسینی کو 9-1 اور 14-3 سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیتا، سیمی فائنل میں حمزہ سعید نے ایران کے عامر محمد کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب 54 کیٹگری فائنل میں پاکستان کے شاہ زیب خان کو ایرانی کھلاڑی نے شکست دی اور یوں شاہ زیب نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
فجراوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ایران نے پہلی، پاکستان نے دوسری اور قازقستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی جب کہ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے حمزہ سعید فجر اوپن کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستانی ٹیم تہران میں ہی 16 تا 19 فروری تک ہونے والے ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ ایشیا کپ اور 21 تا 22 فروری ایشین کلب تائیکوانڈو چیمپئن میں بھی حصہ لے گی۔