مسلمان شخص سے محبت پر بھائی نے ہندو لڑکی کی جان لے لی
بنگلورو: مسلمان لڑکے سے محبت کی پاداش میں بھارت میں 19 سالہ لڑکی کو اس کے بھائی نے تالاب میں دھکا دے کر مار ڈالا، جسے بچانے کے لیے تالاب میں کودنے والی ماں بھی ڈوب گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے ایک تالاب سے 43 سالہ ماں اور 19 سالہ بیٹی کی لاشیں ملی ہیں۔ 19 سالہ لڑکی دھنشری اپنے گاؤں میں ایک مسلمان لڑکے سے محبت کرتی تھی۔
مسلمان لڑکے سے ملاقاتوں پر دھنشری کے بھائی نتین نے کئی بار برہمی کا اظہار کیا اور بہن کو روکنے کی کوشش کی، لیکن دھنشری مسلم لڑکے سے شادی پر مصر رہی۔
جس پر دونوں بہن بھائی میں 7 ماہ سے بات چیت بند تھی لیکن گزشتہ روز دوبارہ جھگڑا ہوا۔ بھائی نے بہن کو تالاب میں دھکا دے دیا اور وہ ڈوبنے لگی جس پر ماں نے بیٹی کو بچانے کے لیے تالاب میں چھلانگ لگادی۔
بدنصیب ماں نے تالاب میں چھلانگ تو لگادی لیکن اپنی بیٹی کو بچاتے ہوئے خود ہی ڈوب گئی۔ پولیس، نتین کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے لے گئی۔