پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست
آکلینڈ: پہلے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
اکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنانے میں کامیاب رہی، اوپنر ڈیون کانوے اور فن ایلن نے بیٹنگ کا آغاز کیا، تاہم کانوے صفر پر پویلین روانہ ہوئے، اوپنر کی وکٹ گرتے ہی فن ایلن نے پاکستانی بولرز پر لاٹھی چارچ کیا اور شاہین کے دوسرے ہی اوور میں 24 رنز بناڈالے۔
15 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے فن ایلن عباس آفریدی کا شکار بنے، پاکستانی فیلڈرز نے کپتان کین ولیمسن کے دو کیچز ڈراپ کیے، وہ 57 اور ڈیرل مچل 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گلین فلپس 21، مارک چیپ مین 26، ایڈم ملنے 10 اور ایش سودھی صفر پر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور شاہین آفریدی نے 3،3 جب کہ حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں محض 180 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ آغاز فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم وہ 27 کے انفراد اسکور پر رن آؤٹ ہوئے، نائب کپتان محمد رضوان 25 اور فخر زمان 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاہین آفریدی صفر جب کہ اسامہ میر اور عباس آفریدی ایک ایک رنز بناسکے۔ بابراعظم نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 57 رنز کی باری کھیلی، تاہم وہ قومی ٹیم کو جتوانے میں ناکام رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 جب کہ ایڈم ملنے اور بین سیئرز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔