ورلڈ بینک کی پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے مطابق پاکستان کے لیے قرض کی منظوری رائز ٹو پروگرام کے تحت دی گئی، قرض کی فراہمی کا مقصد پاکستانی مالیاتی انتظام، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فوری مالیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے، پاکستان کے پاس انتخابات کے بعد دیرینہ اسٹرکچرل مسائل حل کرنے کا موقع ہے، یہ موقع گنوا دیا تو پاکستان کے دوبارہ معاشی مسائل میں گرنے کا خدشہ ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق پروگرام کے تحت پاکستان کی مالی پالیسی سے متعلق کوآرڈی نیشن اور قرضوں میں شفافیت لائی جائے گی، پراپرٹی کے شعبے میں ٹیکسوں کو مضبوط بنانا پلان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کی لاگت میں کمی اور ڈیجیٹل ادائیگی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، امپورٹ ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔
کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بن حسین کا کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام ٹیکس، توانائی، کاروباری اور موسمیاتی اصلاحات کا پہلا مرحلہ مکمل کرتا ہے، پروگرام محصولات بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ناجی بین حسین کا کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام اخراجات کا ہدف بہتر بنانے، مسابقت، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنایا گیا ہے، پروگرام سے پاکستان کے پاور سیکٹرکے بہتر انتظام میں بھی مدد ملے گی۔