عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، آرمی چیف سے امریکا میں پاکستانی تاجروں کی ملاقات

واشنگٹن: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانی تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔
امریکا میں پاکستانی تاجروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف نے جہاں بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی وہیں یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔
یہ معاملہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں رکھی گئی تقریب کے دوران ایک تاجر کی جانب سے اٹھایا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد تاجر تنویر احمد نے اس سیشن کے بارے میں بتایا کہ کاروباری شخصیات سے ملاقات میں آرمی چیف سے تحریک انصاف کی اُس وقت لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ایک درخواست کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اگر اس درخواست کی وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہو بھی گئے تو سینیٹ کے الیکشن سے آگے نہیں جائیں گے اور پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات مارچ 2024 میں ہونے ہیں۔
تنویر احمد کے مطابق آرمی چیف کا الیکشن سے متعلق سوال پر کہنا تھا جہاں تک میری معلومات ہیں ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہورہے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں بیوروکریسی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ معطل کردیا تھا، جس کے باعث ملک بھر میں الیکشن عملے کی تربیت کا عملہ رک گیا تھا، تاہم بعدازاں سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو الیکشن شیڈول جاری کرنے کے احکامات جاری کیے اور اب ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرائے جانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز بھی ہوچکا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔