دودھ کی دُکان پر مسلسل 74 سال سے چولہا جلتے رہنے کا دعویٰ
جودھپور: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کے مرکز میں ایک مخصوص دودھ کی دکان پر نسلوں تک ہانڈی کی آگ مسلسل جلتے رہنے کے دعوے کی وجہ سے ویڈیو کافی وائرل ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور میں سوجتی گیٹ کے قریب واقع یہ غیر معمولی دودھ کی دکان بڑے فخر کے ساتھ دعویٰ کرتی ہے کہ جس آگ پر دودھ کی ہانڈی رکھی جاتی ہے، وہ 1949 سے جل رہی ہے۔
دکان کے مالک وپل نیکوب کا کہنا تھا کہ میرے دادا نے 1949 میں یہ کام شروع کیا تھا۔ 1949 سے یہ آگ جل رہی ہے۔ دکان روزانہ کی بنیاد پر 22 سے 24 گھنٹے کھُلی رہتی ہے جس میں دودھ کو روایتی طور پر کوئلے اور لکڑی کی آگ سے گرم کیا جاتا ہے۔
وپل نیکوب نے مزید کہا کہ اس دکان کو کھُلے ہوئے قریباً 75 سال ہوگئے ہیں اور ہم نسل در نسل کام کررہے ہیں۔ میں تیسری نسل سے ہوں اور یہ دکان یہاں کی روایت بن گئی ہے۔ ہماری دودھ کی دکان مشہور ہے۔ لوگ اسے پسند کرتے ہیں اور ہمارا دودھ خالص بھی ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم کامیابی سے کاروبار چلارہے ہیں۔