ڈالر کی قدر میں گراوٹ جاری، اوپن ریٹ 286 روپے پر پہنچ گئے

کراچی: غیر ضروری ڈیمانڈ گھٹنے اور سپلائی میں بہتری کے باعث پیر کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر ریورس گیئر میں رہا، جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 286روپے سے بھی نیچے آگئے۔
کاروباری دورانیے کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 44 پیسے کی کمی سے 284 روپے 52 پیسے پر بند ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50 پیسے کی کمی سے 285 روپے 50 پیسے پر بند ہوئی۔
ترسیلات زر، برآمدات میں اضافے اور انتظامی اقدامات کی بدولت ڈالر کی اسمگلنگ اور سٹے بازوں کی سرگرمیاں منجمد ہونے سے ڈالر بیک فٹ پر آگیا۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایکسپورٹرز جنہوں نے ڈالر کی قدر میں اضافے کی توقعات پر اپنی برآمدی آمدن بھنانا روک دی تھی، انہوں نے ہولڈ شدہ ڈالرز دوبارہ بھنانا شروع کردیے ہیں۔
اسی طرح فارورڈ پر ڈالر کی خریداری کرنے والے امپورٹرز نے بھی ڈالر کی خریداری سرگرمیاں روک دی ہیں، ان عوامل کے سبب زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی غیر ضروری ڈیمانڈ ختم ہوگئی اور مارکیٹ میں سپلائی بڑھنے سے ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا ہونے لگا ہے۔
سعودی عرب کی 5 دسمبر کو میچور ہونے والے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں ایک سال کی توسیع، متحدہ عرب امارات کے بعد کویت کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 10 معاہدے طے پانے جیسے عوامل بھی ڈالر کی بتدریج تنزلی کا باعث بن گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔