سابق شوہر کی برائی برداشت نہیں کرسکتی، فضا علی

کراچی: اداکارہ فضا علی نے کہا ہے کہ وہ علیحدگی کے باوجود سابق شوہر فواد کی برائی نہیں برداشت کرسکتیں۔
فضا علی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ میں نے بیٹی کی پیدائش کے تیسرے دن ہی کام کرنا شروع کردیا تھا اور جب سے روزانہ باقاعدگی سے شوٹ پر ہوتی ہوں لیکن سیٹ پر کئی لوگوں کا رویہ ناگوار گزرتا تھا اور کچھ لوگوں کی وجہ سے تو ڈراموں سے کنارہ کشی بھی اختیار کرنا پڑی۔
فضا علی نے کہا کہ میں نے شوبز سے کنارہ کشی سابق شوہر فواد کی وجہ سے کی کیوں کہ علیحدگی کے بعد جب میں کام کے لیے سیٹ پر آئی تو لوگ مجھ سے ہمدردی کے اظہار کے لیے فواد کی برائی کرتے تھے، ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو فواد کے دوست تھے، لیکن یہ سب مجھے پسند نہیں تھا نہ ہی مجھ سے فواد کی برائی برداشت ہوتی تھی، جس کی وجہ سے میں نے ڈراموں میں کام کرنا بھی چھوڑ دیا۔
فضا علی نے کہا کہ آپ اس شخص کی برائی نہیں سن سکتے جس نے آپ کے ساتھ کچھ برا کیا ہی نہ ہو، سابق شوہر نے کبھی مجھے مارا پیٹا نہیں نہ ہی گالم گلوچ کی، انہیں پتا ہی نہیں تھا کہ گالی کیا ہوتی ہے، وہ بہت اچھے انسان ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کسی بھی دو افراد میں علیحدگی کے لیے دوسری وجوہ بھی ہوسکتی ہیں، لیکن مجھے پتا ہے کہ اس شو کے بعد تبصروں میں لوگ مجھ پر تنقید کریں گے کہ اگر اچھا تھا تو چھوڑا کیوں؟
دھیان رہے کہ فضا علی نے 2007 میں فواد فاروق سے شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔