اقوام متحدہ فلسطین میں سیزفائر کیلئے بھرپور کوششیں کرے، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے پاکستان غزہ میں اسرائیل کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ سیز فائز کے اقدامات کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔
ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، حریت جماعتوں پر بھارتی حکومت پابندیاں عائد کررہی ہے، کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔
حماس اسرائیل کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں معصوم بچے اور خواتین بھی شہید ہوئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل امتیازی سلوک برت رہا ہے، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے زمین تنگ کی جارہی ہے، اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیزفائر کی بھرپور کوشش کرے، مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی اہم ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ اور خان یونس میں سفاکانہ بم باری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک 1200 سے زائد فلسطینی شہید اور ساڑھے 5 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ پر فاسفورس بموں کا استعمال کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں اور اسرائیلی حملوں میں اب تک اقوام متحدہ کے 9 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور حماس سے درخواست کی ہے کہ تعلیمی اداروں اور اسپتالوں پر حملے نہ کیے جائیں اور غزہ کو خوراک کی فراہمی بند نہ کی جائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔