کرکٹ ورلڈکپ: انگلینڈ نے بنگلادیش کو 137 رنز سے ہرادیا
دھرم شالہ: بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کے ساتویں مقابلے میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بنگلادیش کو 137 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی کا مزا چکھ لیا۔
365 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔ ڈیوڈ میلان 140 اور جو روٹ 82 رنز بناکر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ آج کے میچ کیلئے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی دیکھنے میں آئی، انگلش ٹیم میں معین علی کو بٹھا کر ریس ٹوپلے جب کہ بنگلایش کی ٹیم میں محمد اللہ کو آرام دیتے ہوئے مہدی حسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ میلان اور جونی بیراسٹو نے اوپننگ کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے بنگلادیش کی بولنگ کے آگے رنز کی چٹان بن گئے، لیکن اوپننگ پارٹنرشپ 115 رنز کا آغاز دینے کے بعد ٹوٹ گئی۔
جونی بیراسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہوگئے، بیراسٹو کے بعد ڈیوڈ میلان اور اور جو روٹ کے درمیان بھی اچھی پارٹنرشپ قائم ہوئی لیکن 38 اوورز میں اوپنر ڈیوڈ میلان 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مہدی حسن کا شکار ہوگئے، اس کے بعد کپتان جوز بٹلر بھی 20، جوروٹ 82 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن نے 4 جب کہ شرف الاسلام نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر گری جب تنزید حسن 14 رنز بناکر ریس ٹوپلے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کی اگلی ہی گیند پر ٹوپلے نے ہی مہیدی حسن کو صفر رنز پر پویلین بھیج دیا۔
بنگلادیش کی تیسری وکٹ بھی ٹوپلے کے ہی حصے میں آئی، جب انہوں نے صرف 26 رنز پر ہی کپتان شکیب الحسن کو پویلین بھیج دیا، اس کے بعد مہدی حسن میراز بھی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ لٹن داس 76 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ مشفیق الرحیم 51 اور توحید ردوئے 39 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ تسکین احمد 13 اور شریف الاسلام نے 12 رنز بنائے۔
تاہم 365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ 137 رنز سے جیت لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ریسی ٹوپلے نے 43 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ انگلینڈ اور بنگلادیش آج ورلڈکپ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہے تھے، انگلش ٹیم کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے شکست دی تھی جب کہ بنگلادیش نے افغانستان کو ہرایا تھا۔