پنڈی میٹرو بس میں آگ لگ گئی، مسافروں کی چلتی بس سے چھلانگیں
راولپنڈی: پنڈی میں میٹرو بس میں آتشزدگی کا واقعہ، رحمان آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آگ لگنے کے باعث مسافروں نے شیشے توڑ کر چھلانگیں لگادیں، ایک خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی میٹرو بس کے انجن میں آگ لگی، جس سے بس میں دھواں بھر گیا، بس میں موجود مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، مسافروں نے چلتی بس کے شیشے توڑ کر چھلانگیں لگائیں، جس میں خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر دونوں زخمیوں کو بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کردیا، آگ لگنے کے واقعے کے بعد میٹرو بس سروس ایک گھنٹے تک معطل رہی، جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
میٹرو بس حکام کا کہنا تھا کہ انجن میں خرابی کے باعث بس میں دھواں بھرنے سے بھگدڑ مچی، جس سے مسافر پریشان ہوئے، میٹرو بس کو جزوی نقصان پہنچا ہے جس کو فوری مرمت کے لیے میٹروبس ڈپو منتقل کرکے میٹرو بس آپریشن کو بحال کردیا گیا ہے۔