نیویارک میں لاؤڈ اسپیکر پر جمعہ کی اذان دینے کی اجازت
نیویارک: اب بغیر کسی پرمٹ کے آزادانہ طور پر نیویارک سٹی میں جمعے اور ماہ رمضان میں اذان دینے کی اجازت مل گئی۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کی جانب سے اذان کی اجازت دیتے ہوئے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ نئے قانون کے مطابق مساجد کو اب جمعے اور ماہ رمضان میں مغرب کی اذان دینے کے لیے کوئی خاص پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
میئر نے کہا کہ نئی گائیڈ لائنز کے حوالے سے پولیس بھی کام کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اذان دینے کے لیے استعمال ہونے والے آلات مناسب لیول پر سیٹ ہوں۔
میئر نے یہ بھی کہا کہ بہت عرصے سے یہ خیال رہا ہے کہ ہماری کمیونٹیز کو اپنی اذان کی اجازت نہیں تھی، لیکن آج ہم واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ مساجد اور عبادت گاہیں بغیر کسی اجازت کے جمعہ اور رمضان کے دوران اذان دینے کے لیے آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اذان اس بات کا اعلان کرتی ہے کہ خدا عظیم ہے اور نبی محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، نماز دین کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے جو مردوں کو تاکید کرتی ہے کہ نماز کے لیے دن میں پانچ بار قریبی مسجد میں جائیں۔
نیویارک سٹی کے میئر کے اس اقدام کو مسلم کمیونٹی کی جانب سراہا جارہا ہے۔