شہباز اور راجا ریاض کی دوسری ملاقات، نگراں وزیراعظم پر مشاورت
اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے مابین نگراں وزیراعظم کی تقرری کے سلسلے میں ایک بار پھر ملاقات ہورہی ہے۔
ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف راجا ریاض وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ جہاں نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات شروع ہوگئی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر آج فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے 8 دن کا وقت ہے۔ اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملاقات کروں گا۔ پورا معاملہ آئین میں واضح طریقے کے مطابق کیا جارہا ہے۔