سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری

کراچی: بینک دولت پاکستان نے سی پیک کی دسویں سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری کردیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ راہداری منصوبے کے دس سال مکمل ہونے پر 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے نے پاکستان کے انفرا اسٹرکچر اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے بینکنگ کارپوریشن دفاتر نے 11 اگست سے سی پیک یادگاری سکے کی فراہمی شروع کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق کپرو نکل دھات (Cupro-Nickel metal) سے تیار کردہ یادگاری سکہ گول ہے، اس کا قطر 30 ملی میٹر جب کہ وزن 13.5 گرام ہے، اس میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل دھات استعمال کی گئی ہے۔
یادگاری سکے کی ایک جانب 5 نکاتی ستارہ ڈیزائن کیا گیا ہے، اس ستارے کے اندر پاکستان کے قومی پرچم کا ہلال چاند اور ستارہ، چین کے قومی پرچم کے 5 ستارے ہیں، اس پر انگریزی زبان میں ’CELEBRATING 10 YEARS OF CPEC‘ کندہ کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی سکے کی قیمت ’100 روپے ‘ بھی نمایاں ہے۔
سکے کی دوسری جانب بھی وہی 5 نکاتی ستارہ اسی طرح ہے جب کہ اس کے ساتھ انگریزی، اردو اور چینی زبان میں ’پاکستان چین اقتصادی راہداری‘ لکھا ہے، اس کے علاوہ انگریزی میں ’FROM VISION TO REALITY‘ بھی لکھا گیا ہے، سکے پر ’2013‘ اور ’2023‘ کے سال بھی نمایاں ہیں تاکہ سی پیک کی ترقی کی دہائی کو یاد رکھا جائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔