والدین سے کرکٹ کھیلنے پر کئی بار مار کھائی، زمان خان
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز زمان خان نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ والدین کرکٹ کے مخالف تھے اور ان سے کئی بار ماریں بھی کھائیں۔
زمان خان ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، اس دوران فاسٹ بولر زمان خان نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کرکٹ کیریئر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا بھی تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے لیے گھر سے سپورٹ ملی لیکن والدین کرکٹ کے خلاف تھے، کئی بار مار بھی کھائی، بھائی نے حمایت کی۔
زمان خان کا کہنا تھا کہ مدرسے پڑھنے جاتا تھا اور جو وقت ملتا تھا اس پر ٹیپ بال کھیلتا تھا، اس دوران بھائی کو کسی نے بتایا کہ ٹرائل آئے ہوئے ہیں، اس کے بعد میں نے انڈر 16 کا ٹرائل دیا، جس دوران کوچز بھی حیران رہ گئے، اس کے بعد ڈومیسٹک میں پرفارم کیا، لیگز کھیلی اور پھر پی ایس ایل کے لیے ثمین رانا نے چن لیا، اس طرح یہ سفر پاکستان ٹیم تک لے آیا۔
زمان نے مزید کہا کہ والد نے مزدوری کرکے بہن بھائیوں کو پالا، پہلے پی ایس ایل کے بعد والدین کو یقین آیا کہ میں کچھ بن سکتا ہوں، والدین کرکٹ کے حوالے سے نہیں جانتے تھے لیکن بھائی نے سپورٹ کیا، ان کی سپورٹ سے ہی آج میں اس مقام پر ہوں۔