عمران سے متعلق غلط بیانی اور کار سرکار میں مداخلت پر شبلی کیخلاف مقدمہ
اسلام آباد: شبلی غلط بیانی اور کار سرکار میں مداخلت پر بڑی مشکل میں پھنس گئے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو وارنٹ گرفتاری موصول کرانے کے لیے لاہور آنے والی اسلام آباد پولیس نے شبلی فراز سمیت ڈیڑھ سو نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔
یہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کرایا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری لے کر عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہنچے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شبلی فراز نے غلط بیانی کرتے ہوئے کارِ سرکار میں مداخلت کی اور لکھ کر دیا کہ عمرن خان وہاں موجود نہیں، اس موقع پر ڈنڈوں سے مسلح 100 سے ڈیڑھ سو کارکنوں نے انہیں روکے رکھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔