خاتون کا انٹارکٹیکا میں ڈھائی کلومیٹر تیرنے کا عالمی ریکارڈ
گرینج آئی لینڈ: چلی سے تعلق رکھنے والی خاتون انٹارکٹیکا کے یخ بستہ سمندر میں ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے تک تیر کر انٹارکٹیکا کے سمندر میں تیرنے والی پہلی انسان بن گئی ہیں۔ اگرچہ یہاں کے برفیلے پانیوں میں لوگ پہلے بھی تیراکی کرچکے ہیں لیکن خاتون نے سب سے طویل سفر طے کیا ہے۔
37 سالہ باربرا ہرنانڈز نے گرینج آئی لینڈ میں چلی بے کے مقام پر سادہ سے تیراکی کے لباس میں 2.2 ڈگری سیلسیئس کے درجہ حرارت میں 45 منٹ اور 50 سیکنڈوں تک تیراکی کی۔
باربرا ہرنانڈز اس کارنامے سے قبل سمندر میں تیر کر تیزی سے ایک میل کا فاصلہ عبور کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
باربرا کا ایک پریس ریلیز میں کہنا تھا کہ ان کی تیراکی کا مقصد اینٹارکٹک سمندروں کی حفاظت کے متعلق آگہی پھیلانا تھا۔
باربرا نے کہا، میں بہت خوش ہوں کہ سب اچھا گیا۔ انٹارکٹیکا میں تیراکی برسوں سے میرا خواب اور دنیا کے ساتوں سمندروں میں تیرنے کے عزم کا حصہ تھا۔