کراچی بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے، پی ٹی آئی
اسلام آباد: کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی جماعت پی ٹی آئی نے کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے طاقت اور دھاندلی سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا۔ انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلے انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی۔ سندھ میں آخرکار 15 جنوری کو انتخابات ہوئے، لیکن پھر مینڈیٹ چوری کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن صبح دھاندلی شروع ہوئی۔ پی ٹی آئی کے رہنما امجد آفریدی نے ویڈیو میں بتایا کہ کیسے ایک ہزار ووٹ پولنگ اسٹیشن لائے گئے۔ ویڈیو پر دھاندلی کرنے والوں کے بجائے امجد آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا۔ امجد آفریدی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے بھائی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کہیں پہاڑوں پر نہیں بلکہ یونین کونسل میں ہورہا تھا۔ انتخابی عملے پر دباؤ ڈالا گیا۔ الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آرہا ہے۔ مینڈیٹ چوری ہونے پر جب عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے لیا۔
اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بدترین دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا۔ کراچی کے خلاف انتہائی خوف ناک گیم کھیلا جارہا ہے۔ ہر طریقے سے کراچی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت میں بھی جن کو کراچی والوں نے ووٹ دیا، ان کو مینڈیٹ نہیں دیا گیا۔ جماعت اسلامی کی بھی سیٹیں چھینی گئی ہیں۔ کراچی کے اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔