16 دسمبر دہشتگردی کیخلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16 دسمبر دہشت گردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے۔
آرمی پبلک اسکول پشاور میں 2014 میں پیش آنے والے دہشت گردی کے الم ناک سانحے کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا، آج سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء سے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر دہشت گردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔