جنرل (ر) باجوہ کے خلاف موجودہ مہم غلط ہے، مونس الٰہی
لاہور: پی ٹی آئی کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر تنقید کے معاملے پر مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کھل کر اختلاف کا اظہار کردیا۔
مونس الہٰی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جنرل باجوہ کے خلاف موجودہ مہم غلط ہے، جنرل باجوہ نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کیا بلکہ انہوں نے تو تحریک عدم اعتماد کے وقت بھی مجھ سے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جائیں۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ اگر جنرل باجوہ عدم اعتماد کا حصہ ہوتے تو ہمیں کیوں اس طرف جانے کا کہتے، جنرل باجوہ نے پی ٹی آئی کے لیے سب کچھ کیا اور اب جب وہ چلے گئے ہیں تو پی ٹی آئی والے ان کے خلاف باتیں کررہے ہیں، ان کے خلاف ٹرینڈ چلارہے ہیں، یہ اچھی بات نہیں، جنرل باجوہ نے تو دریاؤں کا رُخ موڑ دیا تھا۔
اس کے علاوہ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ عدالتیں غیر جانبدار ہیں، پنجاب حکومت کے معاملات میں بھی اسٹیبلشمنٹ کوئی مداخلت نہیں کررہی، نہ ہی عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار ہے۔
مونس الٰہی نے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ غیر سیاسی ہے، ہم نے پی ٹی آئی سے یہ تک کہا کہ ایف آئی آر کاٹنے کے لیے کوئی بھی اپنا پولیس والا دے دیں جو ایف آئی آر کاٹ لے تو انہوں نے ایسا پولیس والا دیا ہی نہیں۔