وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات، پیشہ ورانہ امور پر گفتگو
اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم سے پہلی ملاقات ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو تعیناتی پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی قیادت کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے اور امید ہے کہ آپ کی قیادت میں مسلح افواج ملکی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مزید بہتر طریقے سے مقابلہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔