امریکا کی معمر ترین خاتون کی 115 ویں سالگرہ
آئیووا: ریاست متحدہ ہائے امریکا سے تعلق رکھنے والی معمر ترین خاتون، جو امسال کے آغاز میں معمر ترین شہری بھی قرار پائی تھیں، 115 برس کی ہوگئیں۔
امریکی ریاست آئیووا کے شہر لیک سٹی کی شہری بیسی ہینڈرکس نے اپنی 115 ویں سالگرہ شیڈی اوکس کیئر سینٹر میں منائی۔
سالگرہ کی تقریب میں بیسی کے تین بچوں نے شرکت کی، جن میں ان کی بیٹی جوان شیفر بھی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ روز اپنی 90 ویں سالگرہ منائی تھی۔
جوان شیفر کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتیں کہ اس کو الفاظ میں کس طرح بیان کریں۔ یہ شاندار بات ہے کہ وہ اب بھی ان کے بیچ موجود ہیں۔
بیسی جب 13 سال کی تھیں تب ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے بہن بھائیوں کی دیکھ بھال کی۔
ان کے بیٹے لیون ہینڈرکس کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ ہمیشہ اپنے خاندان کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔ ان کے لیے سب سے پہلے خاندان تھا۔
رواں برس کی ابتدا میں ٹھیلما اسٹکلِف کی 115 سال اور 108 دن کی عمر میں موت واقع ہوجانے کے بعد بیسی ہینڈرکس امریکا کی معمر ترین شہری بن گئی تھیں جب کہ بیسی دنیا کی چوتھی معمر ترین فرد ہیں۔