رواں ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد: حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 30.60 فیصد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جب کہ 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں 15.97 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 9.38 فیصد، نمک کی قیمتوں میں 2.58 فیصد، آلو کی قیمتوں میں 2.88 فیصد اور ماچس کی قیمتوں میں 1.34 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق چکن کی قیمتوں میں 3.37 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 1.75 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 2.25 فیصد، دال چنے کی قیمتوں میں 1.08 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.16 فیصد، سبزیوں اور گھی کی قیمتوں میں 0.09 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.07 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 26.72 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 28.46 فیصد اور 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 30.29 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 31.41 فیصد رہی جب کہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 31.67 فیصد رہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔