بھارت کی متنازع جیت پر سابق انٹرنیشنل کرکٹرز کی کڑی تنقید
میلبورن/ پرتھ: اتوار کو پاکستان کے خلاف بھارت کی متنازع جیت پر ہر طرف سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک ٹیلر نے الزام عائد کیا کہ ویرات کوہلی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران غیر منصفانہ طور پر فائدہ اٹھایا ہے۔
مارک ٹیلر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ فری ہٹ کے حوالے سے بنائے گئے قانون پر غور کریں، جس سے میلبورن میں کھیل کا نتیجہ ڈرامائی طور پر بھارت کی فتح سے پاکستان کی جیت میں بدل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فری ہٹ بال اگر اسٹمپ سے ٹکراجاتی ہے جس سے حریف ٹیم کو غیر منصفانہ فائدہ ہورہا ہے، میرے خیال میں اگر بلے باز بولڈ ہوجائے یا فری ہٹ پر کیچ ہو، تو آپ آؤٹ نہیں ہوں گے لیکن پھر گیند کو ڈیڈ ہونا چاہیے جو شاید منصفانہ اور معقول فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کی فتح میں سے فری ہٹ میں بائیز کے رن نکال دیں تو جیت پاکستان کی ہوتی، پاک بھارت میچ نے 2019 ورلڈکپ فائنل کی یاد تازہ کردی ہے۔
قبل ازیں سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے پاک بھارت میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے دوران امپائرنگ کو مشکوک قرار دیا تھا۔
دوسری جانب سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے کہا کہ امپائر نے بھارت کے حق میں کچھ عجیب فیصلہ کیا لیکن شاید ہمیں خاموش رہنا چاہیے اور آئی سی سی کو بی سی سی آئی کے معاملے پر پریشان نہیں کرنا چاہیے۔
نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ ایلیٹ بھی اس میچ میں بھارت کی فتح کو شدید تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔