اداروں کو ریاست کو درپیش خطرے سے فوری نمٹنا چاہیے، وزیر دفاع
اسلام آباد: خواجہ آصف نے بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں سلامتی کے معاملات کا فوری اور مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں گیارہ بارہ سال کے وقفے کے بعد پھر وہی سلسلہ شروع ہوگیا، بلوچستان میں دہائیوں سے عسکریت پسندی چل رہی ہے، وقت تیزی سے گزر رہا ہے، یہ آگ سب کے دامن تک پہنچ سکتی ہے، وفاق کو خطرات ہوسکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ فوج، عدلیہ، سیاست دان، سب سے غلطیاں ہوئی ہیں، سب اداروں کو ریاست کو درپیش خطرے سے فوری نمٹنا چاہیے۔
انہوں نے کابینہ اجلاس میں بلوچستان پر کمیشن بنانے کا معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
خواجہ آصف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک شخص کا اقتدارآئینی طریقے سے ختم کیا وہ ملک کو نقصان پہنچارہا ہے، اقتدار کی جنگ بعد میں بھی لڑی جاسکتی ہے، توجہ قوم اور ریاست کے مسائل پر ہونی چاہیے۔