بھارت میں کام سے متعلق حتمی جواب نہیں دے سکتا، فواد خان
کراچی: پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کا اثر ان کے بولی وُڈ میں موجود افراد سے تعلقات پر بالکل نہیں پڑا، لیکن موجودہ صورت حال میں ساتھ کام کرنا آسان نہیں ہے۔
اداکار فواد افضل خان نے امریکی میگزین کو انٹرویو میں کہا کہ ان کا بھارت میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور انہوں نے وہاں کام کو انجوائے کیا۔
بھارت میں دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں اس کا کوئی حتمی جواب اس وقت تک نہیں دے سکتا جب تک دونوں ممالک میں چیزیں ہموار نہیں ہوجاتیں۔
فواد خان کا کہنا تھا کہ انہیں تنازعات پسند نہیں اور یہاں یہ سوچنا بھی ضروری ہوگا کہ بھارت میں اس وقت کوئی ان کے ساتھ کام کرنا بھی چاہے گا یا نہیں۔
فواد کا کہنا تھا کہ اسی طرح اگر میں بھارت میں کام کرتا ہوں اور پاکستان واپس آتا ہوں تو مجھے دیکھنا ہوگا کہ لوگ یا حکومت اس حوالے سے کیا سوچتے ہیں۔
فواد خان بولی وڈ کی تین فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کی پہلی فلم خوبصورت 2014، دوسری فلم کپور اینڈ سنز اور تیسری فلم اے دل ہے مشکل 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔