مسلح افواج سیاست سے دُور ہی رہنا چاہتی ہیں، آرمی چیف
واشنگٹن: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دُور کرچکیں اور دُور ہی رہنا چاہتی ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ظہرانے سے خطاب میں اپنی مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دُور کرچکیں اور دُور ہی رہنا چاہتی ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کی بیمار معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے ہر حصے دار کی ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکے گی اور مضبوط معیشت کے بغیر سفارت کاری نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ امریکا کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی جوبائیڈن انتظامیہ کے سینئر حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جیکب سلیوان اور نائب وزیر خارجہ وینڈی روتھ شرمین سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔