سیلاب سے تباہی، اقوام متحدہ نے پاکستان کیلیے امداد کی اپیل 5 گنا بڑھادی
جنیوا: موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبردآزما پاکستان کے لیے اقوام متحدہ نے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کردیا۔
اقوام متحدہ نے امداد کی اپیل 16 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 81 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کردی ہے، امداد میں اضافے کی اپیل جنیوا میں آج یو این اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان بدترین سیلاب کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نبردآزما ہے، جس میں مدد کے لیے امداد میں اضافے کی اپیل کی جارہی ہے۔
پاکستان کے لیے اقوم متحدہ رابطہ افسر جولیئن ہارنیس کا جنیوا میں بریفنگ میں کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین موت اور تباہی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں صحت، غذا، پانی اور صفائی کے کاموں میں جلد حکومت پاکستان کی مدد نہ کی گئی تو بچوں کی بیماریوں میں خوف ناک اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث پاکستان میں اب تک قریباً 1700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، پاکستان اور اقوام متحدہ نے سیلاب کا سبب موسمیاتی تبدیلی کو قرار دیا ہے۔