عمران معافی مانگنے خاتون جج کی عدالت پہنچ گئے، ملاقات نہ ہوسکی
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان خاتون جج زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کے لیے عدالت پہنچے، تاہم ان کی عدم موجودگی کے باعث واپس روانہ ہوگئے۔
عمران خان اپنے وکیل کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کی عدالت پہنچے تاہم معزز جج عدالت میں موجود نہیں تھیں۔
عمران خان نے ریڈر سے کہا کہ میڈم زیبا کو بتانا کہ عمران خان آیا تھا۔ ان سے معذرت کرنا چاہتا تھا اگر میرے الفاظ سے ان کی دل آزاری ہوئی ہو تو۔ جج زیبا چوہدری کی عدم موجودگی کے باعث عمران خان واپس روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل عمران خان ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔
جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان پرالزام صرف ایماء کا ہے۔ پراسیکیوشن نے ایماء کی حد تک شواہد پیش کرنے ہیں۔ کیا ایماء کی حد تک آپ کے پاس کوئی شواہد ہیں؟ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ لفظ ایما صرف لفظ کی حد تک ہے۔