دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے، آرمی چیف
راولپنڈی: جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس میں سلامتی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
خاص طور پر کانفرنس میں سیلاب کی صورت حال اور ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کیا۔
فورم نے سرحدوں کی صورت حال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا جامع جائزہ لیا۔ فورم نے عزم کیا کہ دہشت گردی کی بحالی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارمیشن کو تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے، تمام فارمیشن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے سخت چوکس رہیں۔