ہم نے صرف کھیلنا ہے، فارن سازش بنادیتے ہیں، سائفر سے متعلق عمران کی آڈیو لیک
اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی مبینہ امریکی سائفر سے متعلق آڈیو بھی سامنے آگئی۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیک سامنے آئی ہے جس میں عمران خان کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی جس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کرلیتے ہیں۔
آڈیو میں اعظم خان کو کہتے سنا جاسکتا ہے، آپ کو یاد ہے تو آخر میں ایمبیسڈر نے لکھا تھا کہ ڈیمارچ کریں، اگر ڈیمارچ نہیں بھی دینا تو میں نے سوچا ہے کہ اس کو کور کیسے کرنا ہے؟ ایک میٹنگ کریں شاہ محمود اور فارن سیکریٹری کی، جس میں شاہ محمود لیٹر پڑھ کر سنائیں گے اور وہ جو بھی پڑھ کر سنائیں گے اس کو کاپی میں بدل دیں گے وہ میں منٹس میں کردوں گا، فارن سیکریٹری نے یہ چیز بنادی ہے۔
لیک آڈیو میں اعظم خان کہہ رہے ہیں کہ سفارتی زبان میں اسے دھمکی کہتے ہیں، دیکھیں منٹس تو پھر میرے ہاتھ میں ہیں اپنی مرضی سے منٹس ڈرافٹ کرلیں گے، عمران خان پوچھتے ہیں کہ پھر کس کس کو بلائیں اس میں؟ جس پر اعظم خان کہتے ہیں کہ شاہ محمود قریشی، میں اور سہیل ہوں گے، سابق وزیراعظم جواب میں کہتے ہیں ٹھیک ہے کل ہی کرتے ہیں۔
اعظم خان کہہ رہے ہیں کہ وہ چیزیں ریکارڈ میں آجائیں، آپ یہ دیکھیں کہ وہ قونصلیٹ فار اسٹیٹ ہیں، وہ پڑھ کر سنائے گا میں کاپی کرلوں گا آرام سے تو آن ریکارڈ آجائے گا کہ یہ چیز ہوئی ہے، آپ فارن سیکریٹری کو بلائیں تاکہ ریکارڈ پر آ جائے۔
لیک ہونے والی آڈیو میں عمران خان کہہ ہیں کہ نہیں تو اس نے ہی لکھا ہے سفیر نے، جس پر اعظم خان کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس تو کاپی نہیں ہے ناں یہ کس طرح انہوں نے نکال دیا۔
عمران خان کہہ رہے ہیں کہ یہ یہاں سے اٹھی ہے اس نے اٹھائی ہے لیکن فارن سازش بنادیتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کی آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔