روس کے صدر پوتن پر قاتلانہ حملہ، بال بال بچ گئے
ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پوتن ممکنہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔
بیرون ملک کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ولادیمیر پوتن پر قاتلانہ حملے کی خبر جنرل ایس وی آر ٹیلی گرام چینل کی جانب سے دی گئی تاہم یہ اطلاعات فراہم نہیں کی گئیں کہ روسی صدر پر قاتلانہ حملہ کب ہوا۔
رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی لیموزین گاڑی کا بائیں جانب کا اگلا ٹائر زوردار دھماکے سے پھٹا، جس کے فوری بعد گاڑی سے دھواں نکلنا شروع ہوگیا، تاہم گاڑی کو محفوظ طریقے سے سائیڈ پر لگایا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق غیر مصدقہ ذرائع کا بتانا ہے کہ روسی صدر کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں صدر ولادیمیر پوتن محفوظ رہے، تاہم اس واقعے کے بعد کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔
خیال رہے کہ روس کی جانب سے رواں برس فروری میں یوکرین پر حملے کے بعد سے صدر ولادیمیر پوتن کی صحت اور ان کی زندگی کو لاحق خطرات کے حوالے سے افواہیں زیر گردش ہیں۔
روس کے صدر پوتن نے 2017 میں انکشاف کیا تھا کہ ان پر اب تک 5 قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں۔