سیلاب سے 1100 سے زائد افراد جاں بحق، 3 کروڑ براہ راست متاثر
اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ: پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد براہ راست متاثر ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 1136 تک پہنچ گئی۔
این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ ملک بھر میں اب تک 10 لاکھ 51 ہزار 570 گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ سیلاب اور بارشوں سے اب تک 7 لاکھ 35 ہزار 375 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے دوران اب تک 162 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، 72 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے جب کہ مجبوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد براہ راست سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جس میں اب تک 29 افراد جان سے جاچکے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے کمشنر ہاؤس میں صوبائی وزیر بلدیات فیصل امین گنڈاپور اور کمشنر عامر آفاق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب اور بارشوں سے 10 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، ضلع بھر میں مواصلات اور زراعت کا نظام تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ایک ہزار سے زائد مویشی ہلاک، 40 ہزار گھر اور 236 گاؤں تباہ ہوگئے، ضلع میں 31 اسکولز متاثر ہوئے جب کہ شاہراہوں اور لنک روڈز کو بھی غیر معمولی نقصان پہنچا۔
چین نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ملین یوآن (آر ایم بی) امداد کا اعلان کیا ہے جب کہ چین کی فضائیہ کی پروازیں 300خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج اور کل کراچی پہنچیں گی۔
چین کے صدرشی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے سیلاب کی صورت حال پر اظہار افسوس اور یک جہتی کا اظہار کیا۔
چین کے صدر اور وزیراعظم کا یہ پیغام پاکستان میں چینی سفیرنونگ رونگ نے پاکستانی قیادت کوپہنچایا ہے جس کے جواب میں وزیراعظم شہبازشریف نے صدرشی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان میں سیلاب سےنقصانات پر ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر دکھ ہوا، ہم جانی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں اور قدرتی آفت سے متاثرہ تمام لوگوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی برادری سے خصوصی اپیل کریں گے کہ پاکستان کی مدد کی جائے، جس سے پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کا عمل ممکن بنایا جاسکے گا۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستان کے لیے اضافی ایمرجنسی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پرجاری بیان میں جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کا ملک خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی جاری رکھے گا۔