وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی اپیل
اسلام آباد: سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے اپیل کردی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹا ہے، بلوچستان اور سندھ میں تباہی و بربادی سے قیامت صغریٰ کا منظر ہے اور بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں جب کہ بارشوں اور سیلاب سے مال مویشی، فصلوں، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لیے دیے جارہے ہیں، ریسکیو کے لیے فوری این ڈی ایم اے کو 5 ارب روپے جاری کردیے ہیں جب کہ ہرجاں بحق فرد کے خاندان کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے جس میں زخمیوں، گھروں کے گرنے اور دیگر نقصانات پر زرتلافی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرین کو 25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پرجاری ہے، اس امداد کے لیے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں، کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنا ہے، پوری قوم ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے متاثرین کی جلد امداد کرسکیں گے۔
انہوں نے اپیل کی کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے قائم فنڈ میں دل کھول کرعطیات جمع کرائیں، سیلاب زدگان کی مدد کے لیے حکومتیں اور پاک فوج بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں جب کہ اس دوران جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا ہے۔