بھارت میں گائے سونے کی چین نگل گئی
نئی دہلی: بھارت میں پوجا کے دوران گائے (گئو ماتا) سونے کی چین نگل گئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارتی شہری کی گائے پوجا کے دوران سونے کی چین نگل گئی جس کی تلاش کے لیے اہل خانہ کئی روز تک گائے کا گوبر چیک کرتے رہے۔
سری کانتھ پوجا کے بعد جب گائے کے گلے میں ڈالی 20 گرام سونے کی چین اتارنے لگا تو معلوم ہوا کہ چین تو گائے کے گلے میں موجود ہی نہیں جس کے باعث انہیں کافی پریشانی ہوئی اور باڑے میں تلاش کے باوجود سونے کی چین نہ ملی۔
بھارتی شہری کے اہل خانہ کو شک گزرا کہ گائے سونے کی چین نگل گئی ہے جس پر وہ تین ہفتے تک گائے کا گوبر چیک کرتے رہے لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ گائے کو لے کر جانوروں کے اسپتال پہنچ گئے۔
جانوروں کے اسپتال میں جب گائے کا ایکسرے کیا گیا تو معلوم ہوا کہ سونے کی چین گائے کے پیٹ میں موجود ہے جس پر ڈاکٹر نے گائے کے مالک کی اجازت کے بعد آپریشن کرکے سونے کی چین نکال لی، تاہم 20 گرام سونے کی چین اب 18 گرام کی ہوچکی تھی۔