شاہین آفریدی انجرڈ، ایشیاکپ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر
روٹرڈیم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کا شکار ہونے کے باعث ایشیاکپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈیپینڈنٹ اسپیشلسٹس نے آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے باعث وہ ایشیاکپ اور انگلینڈ خلاف ہوم سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کی نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں واپسی کے امکانات ہیں، جو رواں سال اکتوبر میں ہوگی۔
خیال رہے کہ قومی فاسٹ بولر گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔
پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی سے بات ہوئی ہے وہ خبر سن کر اپ سیٹ ہیں، جلد انجری پر قابو پاکر کرکٹ میں واپس آئیں گے اور ملک کی نمائندگی کریں گے۔
پی سی بی آفیشل کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے روٹرڈیم میں ری ہیب کے دوران بہتری دکھائی ہے، اس کے باوجود انہیں مزید بہتری کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔
دوسری جانب ایشیاکپ اسکواڈ کے لیے شاہین آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد متوقع ہے۔