شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کی عدالت میں شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی جب کہ شہباز گل کے وکلاء سلمان صفدر اور فیصل چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
پولیس کے تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا، جس کے بعد دلائل کا آغاز ہوا۔ دوران دلائل شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے جنرل مرزا اسلم بیگ اور ایئر چیف مارشل اصغر خان کیس کا حوالہ دیا۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکلاء نے اپنے دلائل مکمل کیے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے فیصلہ آج دوپہر تین بجے سنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔