چلی میں اچانک 200 میٹر گہرا گڑھا کیسے نمودار ہوا؟

چلی: چلی میں اچانک تانبے کی ایک کان کے قریب بہت کم وقت میں ایک گڑھا (سنک ہول) نمودار ہوا جو 25 میٹر چوڑا اور 200 میٹر گہرا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کینیڈا کی ایک کمپنی لیونڈن مائننگ نے دارالحکومت سان تیاگو سے 665 کلومیٹر دُور تانبے کی کان سے دھات نکالنے کا کام کیا تھا، جس کے بعد یہاں سے کچھ دُور بے آب و گیاہ علاقے میں ایک گڑھا دیکھا گیا ہے۔ قومی ادارہ برائے ارضیات اور کان کنی کے مطابق ہفتے کو اس گڑھے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے بعد ماہرین یہاں آئے۔ ادارے کے سربراہ ڈیوڈ مونٹینیگرو نے بتایا کہ گڑھے کی مجموعی گہرائی 656 فٹ ہے۔

یہ گڑھا ٹائرا امریلا نامی قصبے میں نمودار ہوا ہے، جہاں اطراف کے علاقے کو عوام کے لیے بند کیا گیا ہے اور ذرائع ابلاغ میں اس کی فضائی تصاویر ہی مشہور ہیں۔
کان کن کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس دوران کسی کان کن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دوسری جانب یہ گڑھا بھی مستحکم ہے جس میں مزید ٹوٹ پھوٹ کے آثار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد فوری علاقے کو بند کردیا گیا اور متعلقہ ادارے کو اطلاع دی گئی تھی۔ اس کے بعد متعلقہ اداروں نے اپنی تحقیقات شروع کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔