بھارت میں اقلیتوں کا معاملہ اور مسلمانوں سے امتیازی سلوک باعث تشویش ہے، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ آر ایس ایس سے متاثر اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کرنے والی بی جے پی حکومت کی پالیسیاں پریشان کن ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے پاکستانی قیادت کے حوالے سے غیر ذمے دارانہ اور بلاجواز ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیان اقلیتوں کے حقوق سے دائمی انکار کا عکاس ہے۔
پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کا معاملہ تشویش کا باعث ہے، خصوصاًبھارت میں مسلمانوں کے حقوق سے مسلسل انکار کیا جارہا ہے، اس حوالے سے ناصرف بھارتی اقلیتوں بلکہ ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری کو تشویش ہے، دنیا بھر سے باضمیر لوگ اس پر آوازیں بلند کر رہے ہیں۔
پاکستان نے مزید کہا کہ کورونا وبا سامنے آنے کے باوجود آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت کی مسلمان مخالف امتیازی پالیسیاں پریشان کن ہیں، مسلمانوں کے خلاف بلوائیوں کے حملوں کے خدشات کو ہوا دی جارہی ہے، اس حوالے سے بھارتی اور عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس موجود ہیں، بھارت کو مشورہ ہے کہ اپنی اقلیتوں، سول سوسائٹی، ہمسایوں اور بین الاقوامی برادری کی بات پرکان دھرے اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔