وزیراعلیٰ پنجاب کیس: حمزہ نے فل کورٹ بنانے کی درخواست دائر کردی
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ میں حمزہ شہباز نے فل کورٹ بنانے کی درخواست دائر کرتے ہوئے آرٹیکل 63 اے کی نظرثانی کی درخواستیں بھی ساتھ سماعت کرنے کی استدعا کردی۔
حمزہ شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کے خلاف منحرف ارکان کی اپیلیں بھی رولنگ کیس کے ساتھ سننے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان کے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلیں زیر التوا ہیں، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی 22 جولائی کو دی گئی رولنگ درست ہے، الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کو تسلیم کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں منحرف ارکان کی اپیلیں منظور ہوگئیں تو صورت حال یکسر تبدیل ہوجائے گی اور 25 منحرف ارکان کے نکالے گئے ووٹ بھی گنتی میں شمار ہوں گے۔
انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی ہدایات کے خط کو درست قرار دیا، لہٰذا چوہدری شجاعت حسین کا اپنے ایم پی ایز کو لکھا گیا خط بھی آئین اور قانون کے مطابق درست ہے۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام اور چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کرتے ہوئے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کردی۔