کراچی، بارشوں سے 145 مقامات پر سڑکیں ٹوٹنے کا انکشاف
کراچی: شہر قائد میں مون سون بارشوں سے سڑکوں کو بے پناہ نقصانات پہنچنے کی اطلاعات ہیں، شدید بارشوں اور پانی جمع رہنے سے 145 مقامات پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، اس باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز چیمہ نے شہر میں ایسے 145 مشکل ترین راستوں کی نشان دہی کردی۔
ٹریفک پولیس کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران یا پانی جمع رہنے سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خط لکھ دیا ہے۔
احمد نواز چیمہ کے مطابق شہر کے تمام اضلاع کی بیشتر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، جہاں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی میں 12 مقامات پر مرکزی سڑکوں کے مختلف حصے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سٹی میں 15، وسطی میں 40 مقامات ایسے ہیں جہاں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق کراچی شرقی میں 21 اور کورنگی میں 15 مقامات پر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
احمد نواز چیمہ کے مطابق کراچی غربی میں 13 اور ملیر میں 29 مقامات ایسے ہیں جہاں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو آگاہی کے ساتھ متعلقہ اداروں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے ان سڑکوں کی فوری مرمت کی خاطر نشان دہی کی ہے۔