کراچی و دیگر شہروں میں شدید بارشیں متوقع، اربن فلڈنگ کا خدشہ
کراچی: کراچی سمیت سندھ کے دوسرے شہروں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، یکم سے 5 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹھہ میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کردی جس میں 3سے 5 جولائی تک کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈ نگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ممکنہ اربن فلڈنگ اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، نکاسی آب کے لیے مشینیں اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن، اسپتالوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے جنریٹر اور دیگر انتظامات کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے ماہی گیروں کو 3 سے 5 جولائی تک سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔