کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی
کراچی: شہر قائد میں عالمی وبا کورونا تیزی کے ساتھ پھیلنے لگی، سندھ میں کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جہاں کراچی میں بدستور سب سے زیادہ شرح برقرار ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں کورونا کی سب سے زیادہ شرح 22.65 فیصد کراچی میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 33 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 234 مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
ادھر حیدرآباد میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کی شرح 0.32 فیصد رہی، اس کے علاوہ سندھ بھر میں کورونا کی شرح 6.17 فیصد دیکھی گئی۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ شرح 3 فیصد کے قریب ریکارڈ کی گئی۔
قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 13 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 382 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت آنے کی شرح 2.85 فیصد رہی جب کہ وائرس میں مبتلا 2 مریض انتقال کرگئے۔
این آئی ایچ کے مطابق کورونا کے 87 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
خیال رہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ کورونا کی شرح کراچی میں ریکارڈ کی جارہی ہے۔