لوڈشیڈنگ کے باعث بہنوں کے دولہے تبدیل ہوگئے
مدھیہ پردیش: ارے ڈریے نہیں یہ پاکستان کا قصہ نہیں بلکہ پڑوسی ملک بھارت کی کتھا ہے جہاں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث دو دولہوں کی ہونے والی سالی کے ساتھ شادی کی رسوم ادا کردی گئیں۔ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بجلی کی اچانک لوڈ شیڈنگ سے دو بہنوں کی اندھیرے میں غلط دلہوں سے شادی ہوگئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رمیش لال نامی شخص کی دو بیٹیوں نکیتا اور کرشما کی ڈنگوارا بھولا اور گنیش سے شادی ہوئی، دونوں لڑکوں کا تعلق الگ الگ خاندان سے تھا۔
شادی کی تقریب کے دوران دلہنوں کے چہرے ڈھانپے ہوئے تھے لیکن دونوں کے کپڑے ایک جیسے تھے، جس وجہ سے شادی کی رسوم کے دوران غلطی کا احساس کسی کو نہ ہوسکا جبکہ پنڈت بھی تقریب کے دوران بے خبر رہا۔
دونوں دلہنیں جب اپنے اپنے دولہا کے ساتھ گھر پہنچیں تو غلطی کا اندازہ ہوا، جس پر خاندانوں کے درمیان کافی تکرار بھی ہوئی لیکن اُس وقت چڑیاں کھیت چُگ چکی تھیں۔
واقعے کے اگلے روز، دولہا اور دلہن کو دوبارہ شادی کی رسوم ادا کرنی پڑی۔