شہریوں پر ایک بار پھر برق گرانے کا فیصلہ
اسلام آباد: شہریوں پر ایک اور بار بجلی گرانے کا فیصلہ کرلیا گیا اور بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کا خدشہ ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کردی جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں کل سماعت ہوگی۔ قیمت میں اضافے کی صورت میں صارفین پر 30 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سی پی پی اے نے دسمبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر2021 میں 8 ارب 52 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، جس کی پیداواری لاگت 73 ارب 84 کروڑ روپے رہی۔
سی پی پی اے نے کہا کہ 22 روپے 24 پیسے میں فرنس آئل سے مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے 17 روپے 80 پیسے فی یونٹ، ڈیزل سے 14 روپے 8 پیسے، کوئلے سے 13 روپے 31 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی جب کہ ایران سے 13 روپے 26 پیسے فی یونٹ بجلی درآمد کی گئی۔ لہٰذا فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے۔